حالتِ حیض میں مجامعت کا جرمانہ F20-21-02 - احکام ومسائل

تازہ ترین

Friday, October 9, 2020

حالتِ حیض میں مجامعت کا جرمانہ F20-21-02

ھفت روزہ اھل حدیث، احکام ومسائل، حالت حیض، مجامعت، جرمانہ، حالتِ حیض میں مجامعت کا جرمانہ
 

حالتِ حیض میں مجامعت کا جرمانہ

O اگر کوئی شخص عورت کے مخصوص ایام میں ہمبستری کرتا ہے تو شرعی طور پر اس کی کیا حیثیت ہے؟ شریعت نے اس کی کیا سزا رکھی ہے؟ قرآن وحدیث کی روشنی میں اس کی وضاحت مطلوب ہے۔

یہ فتویٰ پڑھیں:              ایام میں بیوی کے پاس جانا

P مخصوص ایام میں عورت کے ساتھ یہودیوں کا سلوک انتہائی توہین آمیز تھا‘ وہ اس حالت میں عورت کو اچھوت بنا دیتے تھے۔ حتی کہ اس کی رہائش بھی الگ ہو جاتی تھی‘ جبکہ عیسائی حیض اور غیر حیض میں کوئی فرق نہ کرتے تھے‘ وہ مخصوص ایام میں بھی عورت سے ملاپ کر لیتے تھے۔ اسلام جو دین اعتدال ہے اس میں میانہ روی ہے کہ نہ تو انہیں اچھوت بنایا اور نہ جماع کی اجازت دی۔ قرآن کریم میں بھی اس کی صراحت ہے۔ (البقرہ: ۲۲۲)

حالتِ حیض میں مجامعت نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ حیض کا خون نجس ہے اور نجاست میں لتھڑنا فطرت کے خلاف ہے۔ نیز جب مرد پلید خون سے آلودہ ہو گا تو نقصان دہ جراثیم سے محفوظ نہیں رہ سکے گا۔ لہٰذا اس حالت میں ملاپ سے منع کیا گیا ہے۔ اگر کوئی خلاف ورزی کرے گا تو اسے مالی تاوان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جیسا کہ حدیث میں ہے: ’’جو اپنی بیوی سے حیض کی حالت میں جماع کرتا ہے اسے چاہیے کہ دینار یا نصف دینار صدقہ کرے۔‘‘ (نسائی‘ الطہارۃ: ۲۹۰)

امام ابوداؤد کی صراحت کے مطابق انسان کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ایک دینار صدقہ کرے یا آدھا دینار دے‘ ممکن ہے کہ امیر وغریب کا خیال رکھا گیا ہو لیکن سیدنا عبداللہ بن عباسw نے صراحت فرمائی ہے کہ دینار اس وقت جب وہ ابتدائے حیض میں جماع کرے اور نصف دینار اس وقت دے جب وہ آخری ایام میں ملاپ کرے۔ (ابوداؤد‘ الطہارۃ: ۲۶۵)

یہ فتویٰ پڑھیں:              دسویں ذوالحج کے بعد عورت کو حیض آ جائے تو؟!

یہ صدقہ اس لیے ہے کہ گناہ کی تلافی ہو جائے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’نیکیاں گناہوں کا ازالہ کر دیتی ہیں۔‘‘ (ہود: ۱۱۴)

واضح رہے کہ دینار‘ سونے کا ایک سکہ ہے جس کا وزن کم وبیش ساڑھے چار ماشہ ہوتا ہے جو جدید اعشاری نظام کے مطابق ۴ گرام اور ۳۷۴ ملی گرام ہے۔ موجودہ ریٹ کے مطابق اس وزن کی قیمت بنائی جا سکتی ہے۔ واللہ اعلم!


No comments:

Post a Comment

Pages