نکاح کے بعد رخصتی سے پہلے طلاق‘ پھر رجوع F10-10-03 - احکام ومسائل

تازہ ترین

Sunday, February 2, 2020

نکاح کے بعد رخصتی سے پہلے طلاق‘ پھر رجوع F10-10-03


نکاح کے بعد رخصتی سے پہلے طلاق‘ پھر رجوع

O ایک آدمی کا کسی لڑکی سے صرف نکاح ہوا تھا، رخصتی ہونے سے پہلے ہی اس نے طلاق دے دی، کیا وہ رجوع کر کے اسے اپنے گھر لا سکتا ہے؟ کتاب و سنت کی روشنی میں وضاحت کریں۔
P نکاح کے بعد تعلقات زن و شوہر سے پہلے اگر طلاق ہو جائے تو ایسی عورت پر کوئی عدت نہیں ہوتی، وہ طلاق ملتے ہی آزاد ہو جاتی ہے اور آگے نکاح کرنے کی مجاز ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’اے ایمان دارو! جب تم اہل ایمان خواتین سے نکاح کرو پھر انہیں ہاتھ لگانے سے پہلے ہی طلاق دے دو تو ان پر تمہارا کوئی حق عدت کا نہیں ہے، جسے تم شمار کرو۔‘‘ (الاحزاب: ۴۹)
اس آیت سے معلوم ہوا کہ نکاح کے بعد اگر میاں بیوی کے درمیان ہم بستری نہیں ہوئی، اگر اسے طلاق ہو جائے تو کوئی عدت نہیں ہے، وہ عورت عدت گزارے بغیر فوری طور پر اگر نکاح کرنا چاہے تو کر سکتی ہے البتہ ہم بستری سے قبل اگر خاوند فوت ہو جائے تو پھر اسے عدت وفات چار ماہ دس دن عدت گزارنا پڑے گی، لیکن طلاق ملنے کی صورت میں عورت کے ذمے کوئی عدت نہیں اور طلاق ملتے ہی نکاح ختم ہو جاتا ہے، اس کے بعد فریقین اگر دوبارہ آباد ہونا چاہتے ہیں تو نئے نکاح سے رجوع ہو سکے گا، جس کی چار شرائط حسب ذیل ہیں:
1       عورت، دوبارہ نکاح کرنے پر رضا مند ہو۔ 
2       اس کا سرپرست اس نکاح کی اجازت دے۔ 
3       حق مہر نیا مقرر کیا جائے۔ 
4       گواہ وغیرہ بھی موجود ہوں۔


No comments:

Post a Comment

Pages