دورانِ احرام عورت کا پردہ؟!
O ہم نے اپنے علماء سے سنا ہے کہ دوران احرام عورت کو
پردہ کرنے کی اجازت نہیں ہے، کیا یہ بات صحیح ہے، جبکہ پردہ کے احکام سرزمین حجاز میں
نازل ہوئے ہیں، اگر عورت کو وہاں پردے کی اجازت نہیں تو وہ کہاں پردہ کرے گی، وضاحت
کریں؟
P عورت کے لئے ضروری ہے کہ وہ ستر و حجاب کے معاملہ میں
کسی قسم کی مداہنت کا شکار نہ ہو، خواہ وہ احرام کی حالت میں ہی کیوں نہ ہو، ارشاد
باری تعالیٰ ہے:
’’اے نبی! اپنی بیویوں، اپنی بیٹیوں اور اہل ایمان کی خواتین
سے کہہ دیجئے کہ وہ اپنی چادروں کے پلو اپنے اوپر لٹکا لیا کریں۔‘‘ (الاحزاب: ۵۹)
پھر چہرہ ہی وہ چیز ہے جو مرد کیلئے عورت کے تمام بدن سے زیادہ
پرکشش ہوتا ہے اگر اسے ننگا رکھنا ہے تو حجاب کے باقی احکام بے سود ہیں، حضرت عائشہr جب
غزوہ بنی مصطلق سے واپسی پر پیچھے رہ گئیں تو انہوں نے حضرت صفوان بن معطل سلمیt کو
دیکھ کر فوراً اپنا چہرہ اپنی چادر سے ڈھانپ لیا۔ (صحیح بخاری، المغازی: ۴۱۴۱)
البتہ دوران حج احرام کی حالت میں عورت پر یہ پابندی ہے کہ وہ
نقاب نہ پہنے جیسا کہ حدیث میں ہے: ’’احرام والی عورت نقاب نہ پہنے اور نہ ہی دستانے
استعمال کرے۔‘‘ (مسند امام احمد ص ۲۲ ج ۲)
نقاب نہ پہننے کا قطعاً یہ مطلب نہیں ہے کہ احرام والی عورت
غیر محرموں سے چہرہ بھی نہیں چھپائے گی بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ وہ ایسا مخصوص سلا
ہوا کپڑا جو پردہ کیلئے بنایا جاتا ہے استعمال میں نہ لائے۔ نقاب میں عورت اپنے چہرے
کو باندھ لیتی ہے، اپنے ناک کے اوپر سے کپڑا گذار کر پردہ کیا جاتا ہے، صرف آنکھیں
کھلی ہوتی ہیں، اس قسم کا پردہ کرنے کی ممانعت ہے وہ بھی احرام کی حالت میں، لیکن جب
اجنبی آدمی سامنے آ جائے تو اپنی چادر کے ساتھ چہرہ چھپانا ہو گا جیسا کہ سیدہ عائشہr کا
بیان ہے کہ ہم رسول اللہe کے
ہمراہ حالتِ احرام میں تھیں اور قافلے ہمارے سامنے سے گذرتے تھے جب وہ ہمارے سامنے
آتے تو ہم اپنی چادریں منہ پر لٹکا لیتیں اور جب وہ گذر جاتے تو منہ کھول لیتیں۔
(ابوداؤد، المناسک:۱۸۳۳)
ان احادیث کی روشنی میں ہمارا موقف ہے کہ عورت احرام کی حالت
میں نقاب نہ پہنے البتہ اپنی چادر سے چہرہ کو ضرور چھپائے جب کوئی اجنبی آدمی سامنے
ہو، بصورت دیگر منہ کھلا رکھے۔ (واللہ اعلم)
No comments:
Post a Comment