دسویں ذو الحج کے طواف کے بعد عورت کو حیض آ جائے تو؟!
O ایک عورت کو دسویں ذوالحجہ کو طواف کرنے کے بعد اگر
حیض آ جائے تو وہ کیا کرے، کیا وہ طواف وداع کے لئے اپنے پاک ہونے کا انتظار کرے یا
طواف کے بغیر ہی واپس اپنے وطن آ جائے، قرآن و حدیث کے مطابق ایسی عورت کیلئے کیا
حکم ہے؟
P طواف وداع کا مطلب یہ ہے کہ حج کرنے والا اپنے آخری
لمحات بھی بیت اللہ کے پاس بصورت طواف گذارے لیکن جس عورت کو حیض آ جائے اس کیلئے
طواف دواع ضروری نہیں ہے، وہ طواف وداع کے بغیر مکہ مکرمہ سے اپنے وطن واپس آ جائے
جیسا کہ حضرت ابن عباسw فرماتے
ہیں:
’’لوگوں کو حکم دیا جاتا تھا کہ وہ
اپنے وطن لوٹنے سے پہلے مکہ مکرمہ میں اپنا آخری وقت بیت اللہ کے پاس (بصورت طواف)
گذاریں البتہ حائضہ عورت سے طواف وداع کے متعلق تخفیف کی جاتی تھی۔‘‘ (صحیح بخاری،
الحج: ۱۷۵۵)
لیکن اس رخصت کیلئے شرط یہ ہے کہ وہ دسویں ذوالحجہ کو طواف افاضہ
کر چکی ہو، جیسا کہ حضرت ابن عباسw سے
ہی روایت ہے کہ رسول اللہe نے
حائضہ عورت کو مکہ مکرمہ سے نکلنے سے پہلے طواف وداع کے متعلق رخصت دی تھی، بشرطیکہ
وہ طواف افاضہ کر چکی ہو۔ (صحیح مسلم الحج: ۱۳۲۸)
حضرت عائشہw سے
روایت ہے کہ سیدہ صفیہ بنت حیی r طواف
افاضہ کے بعد حائضہ ہو گئیں، میں نے رسول اللہe سے اس کا تذکرہ کیا تو آپ نے فرمایا: وہ تو ہمیں روکے
رکھے گی، میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! اس نے جب طواف کر لیا تھا تب اسے حیض آیا تھا۔
رسول اللہe نے
فرمایا: پھر تو وہ مکہ سے روانہ ہو اور ہمارے ساتھ چلے۔ (مسند امام احمد ص ۳۷۰ ج ۱) حضرت ابن عمرw کا
پہلے موقف یہ تھا کہ حائضہ عورت مکہ میں ٹھہرے اور جب پاک ہو جائے تو طواف وداع کر
کے وطن واپس آئے، پھر انہوں نے اس موقف سے رجوع کر لیا تھا اور فرماتے تھے کہ رسول
اللہe نے
حائضہ عورت کو طواف وداع کے متعلق رخصت دی ہے۔ (صحیح بخاری، الحج: ۱۷۶۱)
بہرحال حائضہ عورت کو طواف وداع کرنا ضروری نہیں ہے بلکہ جب
اس نے طواف افاضہ کر لیا ہے تو طواف وداع کئے بغیر وہ اپنے گھر واپس آ سکتی ہے۔ (واللہ
اعلم)
No comments:
Post a Comment