حج سے پہلے اس کی تیاری F19-29-01 - احکام ومسائل

تازہ ترین

Wednesday, July 22, 2020

حج سے پہلے اس کی تیاری F19-29-01


احکام ومسائل، احکام حج، احکام عمرہ

حج سے پہلے اس کی تیاری

O میں اس سال اپنی اہلیہ کے ساتھ حج پر جا رہا ہوں‘ مجھے کتاب وسنت کی روشنی میں آگاہ کیا جائے کہ میں نے حج پر جانے سے پہلے اس کی تیاری کیسے کرنی ہے؟ اور جونسی باتیں ہیں جن کا حج سے پہلے جاننا ضروری ہے؟!
یہ فتویٰ پڑھیں:    میقات کیا ہوتا ہے؟!
P ہمارا عام مشاہدہ ہے کہ اکثر لوگ‘ تھوڑی تھوڑی رقم جمع کر کے حج پر جاتے ہیں لیکن وہ مناسک حج اور اس کے آداب سے ناواقف ہوتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ حج پر جانے سے قبل اس کے متعلق مکمل معلومات حاصل کی جائیں تا کہ یہ سفر ہمارے لیے بابرکت ہو اور اللہ کے ہاں باعث اجر وثواب ہو۔ تیاری کے سلسلہ میں درج ذیل باتوں کا خیال رکھا جائے:
\        اخلاص نیت: … اپنی نیت کو اللہ کی عبادت کے لیے خالص رکھیں‘ سیر وتفریح کی نیت نہ ہو بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور اس کی خوشنودی کا حصول ہمارا مقصود ہو۔
\        خالص توبہ: … زندکی میں اللہ اور اس کے بندوں کے متعلق جو کوتاہیاں ہوئی ہوں‘ ان کی تلافی انتہائی ضروری ہے‘ اللہ تعالیٰ سے گذشتہ تمام گناہوں کی معافی مانگی جائے اور اس کے بندوں پر جو زیادتی ہوئی ہے اس کی تلافی بھی انتہائی ضروری ہے۔
\        قرض کی ادائیگی: … حج پر جانے سے پہلے اپنے ذمے قرض کی ادائیگی بہت ضروری ہے کیونکہ اگر ادائیگی کے بغیر موت آگئی تو معاملہ انتہائی سنگین ہو جائے گا۔ مومن آدمی بھی اللہ کے ہاں قرض کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مأخوذ ہو گا۔ خود اس کا بندوبست کرے یا کسی کو اس کے متعلق ذمہ داری سونپ کر اس مقدس سفر پر روانہ ہونا چاہیے۔
یہ فتویٰ پڑھیں:    حج مبرور کیا ہوتا ہے؟!
\        کسب حلال: … حج پر جو مال خرچ ہونا ہے وہ کسب حلال سے ہونا چاہیے‘ اللہ تعالیٰ نے حضرات انبیاءo‘ اہل ایمان اور عام لوگوں کو اس کے متعلق الگ الگ تاکید کی ہے۔ اگر اس بات کا اہتمام نہ کیا تو دعاؤں اور عبادات اللہ کے ہاں شرف قبولیت سے محروم رہیں گی۔ لہٰذا رزق حلال کا اہتمام انتہائی ضروری ہے۔
\        ذہنی اور جسمانی آسودگی: … اس سفر پر روانہ ہونے سے پہلے انسان کو ذہنی طور پر فارغ البال اور جسمانی طور پر آسودہ حال ہونا ضروری ہے۔ اس سفر میں مختلف قسم کے لوگوں سے واسطہ پڑے گا۔لہٰذا ان کے ساتھ رواداری اور اخلاق سے پیش آنا ایک اہم فریضہ ہے‘ اس بناء پر ذہنی طور پر اس کے لیے خود کو تیار کرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ موذی امراض سے حفاظت بھی ضروری ہے۔ کسی ماہر ڈاکٹر سے خود کو چیک کروا لیا جائے کہ وہ سفر کے قابل ہے یا نہیں؟
\        مسنون دعائیں: … احادیث میں آمدہ صحیح دعائیں اور مسنون نماز کا علم بھی انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس فریضہ کی ادائیگی میں ہر پہلو سے سنت کا خیال رکھنا چاہیے‘ دوران طواف اور دیگر مقامات کی دعائیں اور ان کا مفہوم ذہن میں ہونا چاہیے تا کہ زبان اور دل کی یکسانیت سے انہیں اللہ کے حضور پیش کیا جائے۔
\        نماز جنازہ کا طریقہ: … مسجد حرام میں ہر نماز میں متعدد جنازے آتے ہیں۔ اسی طرح مسجد نبوی میں بھی ایسا ہوتا ہے۔ جنازے کی دعاؤں کو یاد کیا جائے اور سنت کے مطابق خلوص نیت سے مرنے والوں کے لیے مغفرت کی دعائیں کی جائیں۔ بہرحال جنازے سے متعلقہ مسنون دعاؤں کو یاد کرنے کا اہتمام کیا جائے۔
\        فوت شدگان کے لیے دعائیں: … مکہ مکرمہ میں جنت معلی اور مدینہ طیبہ میں بقیع میں مدفون اہل ایمان اور شہدائے اُحد کے لیے دعائیں کرنا ہیں کیونکہ حرمین میں ہم نے ان کی زیارت کے لیے جانا ہے‘ اس لیے زیارت قبور کے آداب اور وہاں مسنون دعاؤں کا اہتمام کیا جائے‘ اس کی تیاری بھی آپ نے گھر سے کرنا ہے۔
\        آداب سفر: … چونکہ آپ نے سفر پر روانہ ہونا ہے‘ اس لیے سفر کے آداب‘ نماز قصر کے مسائل سے آگاہی بھی ضروری ہے۔ کہاں آپ نے نماز قصر پڑھنا ہے اور سفر کی حدود کیا ہیں؟ اس سفر کے احکام ومسائل بھی کسی پختہ عالم دین سے معلوم کریں۔
\        ملکی قوانین کا احترام: … چونکہ آپ نے ایک دوسرے ملک میں جانا ہے‘ اس لیے وہاں کے وہ قوانین جو آپ کے سفر سے متعلق ہیں ان کا احترام اور خوش اسلوبی سے فرائض کی بجا آوری‘ آپ کے اخلاق کی آئینہ دار ہو گی۔ اس سے آگاہی انتہائی ضروری ہے‘ اللہ تعالیٰ آپ کی حفاظت فرمائے۔
یہ فتویٰ پڑھیں:    دوران احرام عورت کا پردہ؟!
بہرحال! آپ مسلسل سفر میں ہوں گے لہٰذا صبر وتحمل اور بردباری سے حالات کا مقابلہ کریں اور اپنے ملک وملت کی نیک نامی کا ذریعہ بننے کی کوشش کریں۔

No comments:

Post a Comment

Pages